کلکتہ : سپریم کورٹ نے پیر کو ای ڈی سے کہا کہ ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کو بیرون ملک کا سفر کرنے سے نہیں روکا جانا چاہئے۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے ای ڈی سے پوچھا ہے کہ ابھیشیک کی اہلیہ روجیرا نرولا بنرجی کو بیرون ملک جانے سے کیوں روکا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے مرکزی تفتیشی ایجنسی سے یہ بھی پوچھا ہے کہ روجیرا کے خلاف لک آؤٹ نوٹس کیوں جاری کیا گیا؟۔ ای ڈی کو اگلے جمعہ کو اس معاملے پر عدالت میں جواب دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کیس کی اگلی سماعت اسی دن ہوگی۔
پیر کو جسٹس سنجے کسان کول کی بنچ کے سامنے کیس کی سماعت ہوئی۔ ابھیشیک کی بیوی روجیرا نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور شکایت کی کہ مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی انہیں بغیر کسی وجہ کے بیرون ملک جانے سے روک رہی ہے۔ روجیرا کے وکیل کپل سبل نے اس معاملے پر عدالت عظمیٰ کی توجہ مبذول کرائی۔ ابھیشیک کی بیوی کا عدالت میں بیان تھا کہ ای ڈی نے طویل عرصے سے تحقیقات کے باوجود کبھی بھی غیر ملکی سفر پر پابندی نہیں لگائی ہے۔ لیکن حال ہی میں انہیں بغیر کسی وجہ کے بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا۔ خیال رہے کہ 5 جون کو راجیرا کو امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے کلکتہ ایئرپورٹ پر روک دیا تھا۔ روجیرہ کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ اپنے دو بچوں کے ساتھ دبئی کی فلائٹ پکڑنے ایئرپورٹ گئی تھی۔ انہیں امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے روک دیا۔ ہوائی اڈے پر انہیں ای ڈی کے دفتر میں حاضر ہونے کا نوٹس دیا گیا۔
ای ڈی ذرائع کے مطابق ابھیشیک نے بدھ کو کلکتہ ہائی کورٹ میں ایک حلف نامہ جمع کر کے علاج کے لیے بیرون ملک جانے کا مطالبہ کیا۔ ان کی عرضی پیر کی دوپہر کلکتہ ہائی کورٹ کے جسٹس تیرتھنکر گھوش کی سنگل بنچ کے سامنے سماعت کے لیے آنے والی ہے۔ ای ڈی ذرائع کے مطابق، ابھیشیک نے حلف نامہ میں لکھا ہے کہ وہ پہلے ہی ای ڈی کو ایک خط دے چکے ہیں جس میں اپنے غیر ملکی دورے کی تفصیل ہے۔ ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری نے یہ بھی کہا کہ 15 جولائی کو ای ڈی کو اس دورے کے بارے میں مطلع کرنے کے باوجود ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔ پیر کو ہائی کورٹ میں حلف نامہ میں ابھیشیک نے کہا کہ 8 اگست کو شام 4بجے ان کی آنکھوں کے ڈاکٹر سے ملاقات ہے۔ وہ اس علاج کے لیے تقریباً 24 دن امریکہ میں رہنا چاہتے ہیں۔
ابھیشیک کا نام بھرتی بدعنوانی کے الزام میں گرفتار ترنمول کے نکالے گئے نوجوان لیڈر کنتل گھوش کے خط سے متعلق معاملے میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کوئلہ اسمگلنگ کے معاملے میں ابھیشیک کا نام بھی ہے۔ جس طرح ابھیشیک نے پیر کو ہائی کورٹ سے بیرون ملک سفر کی اجازت طلب کی تھی۔