مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر خوفناک شکل اختیار کر چکی ہے، جس کے سبب کورونا کے نئے کیسز اور مرنے والوں کی تعداد میں تشویشناک طور پر اضافہ ہوا ہے۔ ریاست میں کورونا وائرس کی دوسری لہر ایک اندازے سے بھی زیادہ خطرناک اور تین گناہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ جس کے سبب پوری ریاست اس کی زد میں آچکی ہے۔
مغربی بنگال کا ایک بھی ایسا ضلع نہیں ہے جو اس وقت کورونا وائرس کی زد میں نہ ہو، ان میں شمالی 24 پرگنہ پہلے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق شمالی 24 پرگنہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 47 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ پانچ ہزار 104 لوگوں میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ کورونا سے ہلاک ہونے والے اور نئے مریضوں کے معاملے میں شمالی 24 پرگنہ ریاست میں پہلی پوزیش پر ہے۔ دارالحکومت کولکاتا دوسرے نمبر پر ہے۔