اتراکھنڈ میں سیاسی بحران ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ 2017 اسمبلی انتخابات میں بی جے پی شاندار جیت حاصل کر کے 57 نشستوں کے ساتھ اقتدار پر قابض تھی لیکن ڈبل انجن والی حکومت میں بھی ریاست کی قیادت پر ہمیشہ ہی سیاسی بحران کا سامنا رہا ہے۔ پہلے ترویندر سنگھ راوت کو اپنی مدت کار سے قبل ہی وزیر اعلیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دینا پڑا تھا اور اب اس کے بعد تیرتھ سنگھ راوت نے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ایسے میں ریاست کی قیادت کو لے کر گہما گہمی تیز ہو گئی ہے۔
ممکنہ چہرے کی تلاش
تیرتھ سنگھ راوت کے استعفیٰ کے بعد متبادل کے طور پر جن ممکنہ رہنماؤں پر مہر لگ سکتی ہے ان میں رہنماؤں کی لمبی قطار ہے۔ اس قطار میں وہ کون۔ کون سے ممکنہ چہرے ہیں جو اس قطار میں سب سے آگے ہیں اور ان رہنماؤں کی کیا خوبیاں ہیں، جو ان کو ایک دوسرے سے آگے۔ پیچھے کرتی ہیں ۔ آئیے جانتے ہیں۔
رمیش پوکھریال نشنک
اس وقت اتراکھنڈ میں جس طرح کی صورتحال ہے، آئندہ انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار میں آنے کے لئے کافی جدوجہد کرنی پڑسکتی ہے۔ ایسی صورتحال میں بی جے پی کے لئے کانگریس ایک بہت بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔ ہریش راوت اس وقت کانگریس میں ایک بہت بڑا چہرہ ہیں اور ان کا سامنا کرنے کے لئے بی جے پی کو ایک بڑے چہرے کی ضرورت ہے، جو رمیش پوکھریال کی شکل میں ہو سکتا ہے۔ کئی لوگوں کا ماننا ہے کہ بی جے پی کے انٹرنل سروے میں پارٹی کی اتراکھنڈ میں بہت خراب صورتحال ہے، جس کے پیش نظر پارٹی ریاست میں ایک بڑا چہرہ اتار سکتی ہے۔ وہ چہرہ رمیش پوکھریال نشنک کا بھی ہوسکتا ہے، اس بات میں کوئی شک نہیں ہے۔
دھن سنگھ راوت
دھن سنگھ راوت بھی ایک بہت بڑا چہرہ ہیں، جن کا نام ہر بار وزیر اعلی کے ممکنہ چہرے کے لئے سامنے آتا رہا ہے۔ وہیں، وزیر مملکت دھن سنگھ راوت آر ایس ایس کے بہت قریبی مانے جاتے ہیں۔ اگر اس وقت پوری حکومت میں کوئی سنگھ کا سب سے قریب ہے، تو وہ دھن سنگھ راوت ہیں۔ حالانکہ ، دھن سنگھ راوت کا بھی ایک ڈرا بیک ہے کہ وہ پہلی بار کے ایم ایل اے ہیں، لیکن بی جے پی میں کچھ بھی غیر متوقع نہیں ہے۔ ایسی صورتحال میں پارٹی بہت سے مطالبات سے بالاتر اپنے چہرے کا انتخاب کرسکتی ہے۔
ستپال مہاراج
ایسی صورتحال میں، اگر ہم سینئرٹی کے ساتھ ساتھ مرکزی قیادت کے قریبی لوگوں کے بارے میں بھی بات کریں تو ستپال مہاراج کا نام سب سے آگے ہے۔ ستپال مہاراج متعدد بار ایم ایل اے اور ایم پی بھی رہ چکے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور امت شاہ تک ان کی اچھی گرفت ہے۔ وہیں، اتراکھنڈ سمیت پورے ملک میں ان کے لاکھوں پیروکار موجود ہیں، لیکن اگر ہم ستپال مہاراج کی ڈرا بیک کی بات کریں تو ستپال مہاراج کانگریس سے بی جے پی میں آئے ہیں اور ان کے وزیر اعلیٰ بننے کی راہ میں یہ بات حائل ہو سکتی ہے۔