اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے منگل کے روز ایک حکم جاری کرکے وزیراعلیٰ سے متعلق مبینہ رشوت خوری کے معاملے میں سی بی آئی کوفرد جرم درج کرنے کی ہدایت دی تھی۔
سنگل بینچ نے یہ بھی کہا تھا کہ تمام دستاویزات دو دن میں سی بی آئی کو فراہم کرادی جائیں۔
اس حکم کے بعد حکومت اور وزیر اعلی کی پریشانی میں اضافہ فطری سمجھا جارہا ہے۔
اس حکم کے آنے کے بعد کل سے حکومت میں ہلچل مچ گئی۔ آناً فاناً وزیر اعلی کے تمام دورے منسوخ کردیئے گئے اور کافی کوشش کے بعد تریویندر نے بالآخر ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
ایڈووکیٹ جنرل ایس این بابولکر نے یواین آئی سے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو چیف منسٹر کی جانب سے خصوصی درخواست کے ذریعے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔
اس معاملے میں ایک درخواست خود وزیر اعلی نے بھی دائر کی ہے۔ یہ درخواست سپریم کورٹ میں پیش کی گئی ہے۔ درخواست کی ڈائری نمبر 23449/2020 ہے اور عرضی 12.24 بجے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہے۔
اس پٹیشن میں اومیش کمار کو فریق بنایا گیا ہے۔