اتراکھنڈ میں نو تشکیل شدہ کابینہ کی اتوار کے روز حلف برداری کے محض چند گھنٹوں بعد ریاست کے پہلے نوجوان وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی کی صدارت میں پہلی میٹنگ میں چھ اہم قراردادیں منظور کرنے کے ساتھ سات فیصلے لیے گئے۔
پیر کے روزسیکرٹریٹ میں واقع میڈیا سنٹر میں صحافیوں کو کابینہ وزیر اور حکومت کے ترجمان سبودھ انیال نے ان قراردادوں اور فیصلوں سے جانکاری فراہم کی ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت بدعنوانی سے مبرا گورننس کو یقینی بنائے گی، اطلات اور ٹکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے ذریعے ریاست کے عوام کو شفاف ، حساس اور تیز تر خدمات فراہم کرنے کے لئے حکومت پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اس سے ایک طرف نوجوانوں کو سرکاری سروس میں روزگار کے مواقع دستیاب کرائے جائیں گے ، وہیں دوسری طرف نوجوانوں کو انٹرپینور بنانے کے لئےخود روزگار کے مواقع کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔