نئی دہلی:سپریم کورٹ اتراکھنڈ کے جوشی مٹھ میں زمین دھنسنے سے متاثر ہونے والے سینکڑوں خاندانوں کو مناسب مالی مدد اور معاوضہ یقینی بنانے کے لئے حکومت کو ہدایت دینے کی مانگ کرنے والی ایک عوامی مفاد کی عرضی پر پیر کو سماعت کرے گی۔ عدالت عظمیٰ کی ویب سائٹ کے مطابق چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ، جسٹس نرسمہا اور جسٹس جے بی پادری والا کی بنچ جگت گرو شنکراچاریہ جیوترمٹھ جیوتش پیٹھدھیشور شری سوامی اویمکتیشورانند سرسوتی کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کرے گی۔
پٹیشن "اتراکھنڈ کے چمولی ضلع کے پہاڑی علاقے جوشی مٹھ (شہری علاقہ) کے لوگوں کی زندگی اور ذاتی آزادی کو محفوظ بنانے کے لیے" دائر کی گئی ہے۔ عرضی میں مرکز اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سے جوشی مٹھ کے لوگوں کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کے لیے ضروری ہدایات مانگی گئی ہیں۔ جوشی مٹھ ایک پہاڑی شہر ہے جو اتراکھنڈ کے چمولی ضلع میں سطح سمندر سے 1,800 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ ماضی میں زمین دھنسنے کی وجہ سے اس علاقے میں بڑی تعداد میں مکانات میں دراڑیں پڑ گئی تھیں۔ جس کی وجہ سے وہاں سے بڑی تعداد میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔