چمپاوت:ریاست اتراکھنڈ کے چمپاوت میں پنجاب کے سکھ عقیدت مندوں کو لے جانے والی بس الٹنے سے 40 افراد زخمی ہو گئے۔ یہ لوگ چمپاوت کے ریٹھا صاحب گرودوارہ سے واپس آ رہے تھے۔ معلومات کے مطابق پنجاب کے زائرین کی بس مشہور ریٹھا صاحب گرودوارہ کی زیارت کے لیے یہاں آئی تھی، جہاں یہ واقعہ رات کا بتایا جا رہا ہے۔ واپسی کے دوران نیشنل ہائی وے-9 پر دھاون کے نزدیک ان کی بس سڑک پر الٹ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ بس میں 61 عقیدت مند سوار تھے۔ بس الٹتے ہی زائرین میں کہرام مچ گیا۔ اس حادثے میں 40 زائرین زخمی ہو گئے۔ ان میں سے سات شدید زخمی ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ موقع پر جمع ہوگئے۔ پولس بھی موقع پر پہنچ گئی۔
تمام زخمیوں کو ایمرجنسی سروس 108 کی مدد سے چمپاوت اسپتال لے جایا گیا۔ ان میں سے سات کو ہلدوانی کے سشیلا تیواری اسپتال ریفر کیا گیا ہے، وہی دیگر کا چمپاوت میں علاج چل رہا ہے۔ شدید زخمیوں کے ساتھ ان کے رشتہ دار بھی ہلدوانی پہنچے ہیں۔ باقی زائریں کو پولیس نے چمپاوت میں ٹھہرایا ہے۔ حادثے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔ بس میں سوار لوگ ریٹھا صاحب گوردوارہ کا دورہ کرنے کے بعد پنجاب واپس جا رہے تھے۔ اس دوران چمپاوت ضلع ہیڈکوارٹر سے 13 کلومیٹر دور بس کی بریکیں فیل ہو گئیں۔ بریک فیل ہونے سے ڈرائیور بس پر سے کنٹرول کھو بیٹھا۔ چمپاوت تانک پور ہائی وے پر بے قابو بس الٹ گئی۔