ریاست اترا کھنڈ کے تمام تعلیمی اداروں میں بھارت اسکاؤٹس اور گائیڈز کے یونٹ لازمی طور پر قائم کیے جائیں گے، تاکہ بچوں کو اسکولی تعلیم کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط اور اخلاقی اقدار کا علم بھی مل سکے، یہ نظام سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروں، سنسکرت اسکولوں اور مدارس میں بھی نافذ کیا جائے گا۔ اسی طرح ہائر ایجوکیشن کے تحت کالجز اور یونیورسٹیز میں روور رینجر یونٹس قائم کیے جائیں۔
وزیر تعلیم ڈاکٹر دھن سنگھ راوت نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسکول ایجوکیشن، ننورکھیڑا میں بھارت اسکاؤٹس اینڈ گائیڈس اتراکھنڈ کے صدر کے طور پر پہلی جائزہ میٹنگ کی، انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ریاست کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں اسکاؤٹس اور گائیڈ کو لازمی طور پر نافذ کریں۔ ڈاکٹر راوت نے کہا کہ موجودہ ماحول میں اسکولی تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کو نظم و ضبط، سماجی اور اخلاقی اقدار کے بارے میں جاننا بھی ضروری ہے، جو انہیں آسانی سے اسکاؤٹ گائیڈ کی شکل میں دیا جاسکتا ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 میں بھی اسکولز میں اسکاؤٹس اور گائیڈز کو لازمی طور پر نافذ کرنے کی سفارش کی گئی ہے، اس کے پیش نظر ریاست میں اسکولی تعلیم کے ساتھ ساتھ سنسکرت ایجوکیشن اور مدرسہ بورڈ کے تحت تمام تعلیمی اداروں میں اسکاؤٹس اور گائیڈس کا ایک یونٹ قائم کیا جائے گا، اسی طرح ہائر ایجوکیشن کے تحت تمام تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیز میں روور رینجر یونٹس بنائے جائیں گے۔ محکمہ کے وزیر نے کہا کہ اسکاؤٹس اور گائیڈس اور روور رینجرز میں رجسٹرڈ طلباء کو منشیات کی لت سے بچاؤ مہم، ٹی بی کے خاتمے اور سوچھ بھارت ابھیان سے بھی جوڑا جائے گا۔ ڈاکٹر راوت نے کہا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں جلد ہی ڈسٹرکٹ اسکاؤٹ ماسٹر کے خالی عہدوں پر تعیناتی کی جائے گی۔