نئی دہلی: اترکاشی میں سلکیارا ٹنل میں پھنسے مزدوروں تک پہنچ گئے ہیں اور ریسکیو ٹیم اور ان کے درمیان اب صرف دو میٹر کا فاصلہ رہ گیا ہے اور انہیں جلد ہی باہر نکال لیا جائے گا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ممبرلفٹننٹ جنرل سید عطا حسنین نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ مزدوروں تک پہنچنے کے لیے گزشتہ 24 گھنٹوں سے دستی کھدائی جاری ہے اور اب مزدوروں تک پہنچنے کے لیے دو میٹر کا فاصلہ طے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھدائی کے لیے ہر قسم کی سیکیورٹی اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔
جنرل سید عطا حسنین نے کہا کہ حکومت کی تقریباً ہر وزارت نے اس مہم کی حمایت کی ہے اور یہ تمام اداروں اور محکموں کے درمیان بہتر تال میل کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے۔ ملک میں ہر جگہ سرنگ بنانے کے کام سے متعلق مختلف قسم کے ماہرین کی مدد بھی لی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سرنگ کے اوپر سے کھدائی کا کام ابھی جاری ہے اور اس جانب سے کھدائی 45 میٹر تک پہنچ چکی ہے۔