خٹیما (اتراکھنڈ):اتر پردیش کے پریاگ راج میں عتیق احمد اور اشرف کی ہلاکت کے بعد اتراکھنڈ بھی الرٹ موڈ پر ہے۔ خاص طور پر ہند-نیپال سرحد سے متصل علاقوں میں پولیس اور ایس ایس بی کی طرف سے مسلسل گشت جاری ہے۔ اس کے علاوہ تمام لوگوں کی چیکنگ بھی کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ رات یعنی ہفتہ کو اتر پردیش کے پریاگ راج میں پولیس عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف کو میڈیکل چیک اپ کے لیے لے جا رہی تھی، تبھی کچھ شرپسندوں نے دونوں بھائیوں پر فائرنگ کر کے انہیں قتل کر دیا۔
اس واقعے کے بعد اتر پردیش میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اتراکھنڈ میں بھی پولس اور ایس ایس بی نے ہند-نیپال سرحد پر سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ پولیس اور ایس ایس بی کے اہلکار ہند-نیپال سرحد پر گشت کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نیپال کی سرحد پر آنے والے ہر شخص کی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس اور ایس ایس بی بھی خاص طور پر مشکوک لوگوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔