نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے 17 دنوں تک جاری رہنے والے میراتھن ریسکیو آپریشن کے بعد اتراکھنڈ کی سلکیارا سرنگ سے نکالے گئے مزدوروں سے بات کی اور ان کی صحت اور خیریت دریافت کی۔ حکام نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کی شام کو سرنگ سے نکالے گئے مزدوروں سے فون پر بات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
قبل ازیں منگل کو وزیراعظم مودی نے اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی سے بات کی اور تمام تعمیراتی کارکنوں کو سرنگ سے باہر نکالے جانے کے بعد ان کے لیے ضروری انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ وزیر اعظم نے اتراکھنڈ کے سلکیارا سرنگ میں پھنسے تمام 41 مزدوروں کے محفوظ نکالے جانے اور بچاؤ آپریشن کی کامیابی کو ملک کی عوام کے لیے ایک جذباتی لمحہ قرار دیتے ہوئے اس بچاؤ آپریشن سے منسلک پوری ٹیم کے جذبے کی بھی ستائش کی۔ ریسکیو آپریشن میں شامل لوگوں کی ستائش کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ "ان کی بہادری اور عزم نے ہمارے کارکن بھائیوں کو نئی زندگی دی ہے۔ اس مشن میں شامل ہر فرد نے انسانیت اور ٹیم ورک کی ایک شاندار مثال قائم کی ہے"۔
وزیر اعظم مودی نے ایکس پر لکھا کہ "اترکاشی میں ہمارے کارکن بھائیوں کے بچاؤ آپریشن کی کامیابی سب کو جذباتی کرنے والی ہے۔ میں سرنگ میں پھنسے کامریڈز (مزدوروں) سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کی ہمت اور صبر حوصلہ افزائی کرے گا۔ میں آپ سب کی صحت اور تندرستی کے لیے دعا گو ہوں، یہ انتہائی اطمینان کی بات ہے کہ ایک طویل انتظار کے بعد اب ہمارے یہ دوست اپنے پیاروں سے ملیں گے، اس مشکل وقت میں ان تمام خاندانوں نے جس صبر اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے وہ کوئی نہیں کر سکتا، اور اس بات کی جتنی بھی ستائش کی جائے، کم ہے"۔