ریاست اتراکھنڈ کے اترکاشی میں کووڈ مجسٹریٹ کو ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر آشیش چوہان نے معطل کر دیا ہے۔ کووڈ مجسٹریٹ نے ضلع کے چنیالیسور بلاک میں 47 افراد کے خلاف قرنطینہ کی خلاف ورزی کے معاملے میں مقدمہ درج کیا تھا۔ کووڈ مجسٹریٹ گریش سنگھ رانا نے اس معاملے میں تین معصوموں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کووڈ مجسٹریٹ خود موقع پر نہیں گئے بلکہ گاؤں کے پردھان سے ملی اطلاعات کی بنیاد پر مقدمہ درج کروا دیا تھا۔ اس بات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ آشیش چوہان نے ان کی معطلی کا حکم دے دیا۔
قرنطینہ کے قواعد پر صحیح طریقے سے عمل پیروی کرانے کے لیے چنیالیسور بلاک میں الگ الگ کووڈ مجسٹریٹ بنائے گئے ہیں۔ تین دن قبل چنیالیسور بلاک کے کووڈ مجسٹریٹ اسسٹنٹ آبپاشی محکمہ نے محکمہ ریونیو کو ایک رپورٹ پیش کی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماڈ خالسی گاؤں میں 47 افراد نے گھریلو کوارنٹین کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس پر محکمہ محصولات نے مقدمہ درج کر دیا۔ پنچکولا ہریانہ سے واپس اپنے والدین کے ساتھ گھر لوٹی 3 سالہ بچی اور 6 ماہ کے معصوم کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔