نینی تال:الموڑہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر سے موصولہ اطلاع کے مطابق سلٹ تحصیل کے پیپینا گاؤں میں اتوار کی رات شدید بارش کی وجہ سے ایک مکان منہدم ہوگیا۔ جس کی وجہ سے ایک شخص کی موت ہوگئی اور کچھ مویشی ملبے تلے دب گئے۔ سالٹ تھانے کی پولیس اور ریونیو اہلکار موقع پر راحت رسانی کے کاموں میں مصروف ہیں۔Heavy Rain In Kumaon In Uttarakhand,Traffic Block
اس کے علاوہ ضلع میں 13 سڑکیں بند ہیں۔ بھنولی اور رانی کھیت تحصیل میں بھی آٹھ مکانات کو نقصان پہنچا اور متعدد مکانوں کو خطرہ لاحق ہے۔ الموڑہ-پنار-مکڈاؤ قومی شاہراہ کے علاوہ یہاں تین ریاستی سڑکیں اور نو دیہی سڑکیں بند ہیں۔ ساتھ ہی کوسی بیراج کے پانی کی سطح بڑھنے سے انتظامیہ کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔ اس وقت پانی کی نکاسی کے لیے پانچ گیٹ کھولے گئے ہیں۔
سرحدی ضلع پتھورا گڑھ میں بھی زیادہ بارش کی وجہ سے کافی نقصان ہوا ہے۔ یہاں کل 26 سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔ چین کی سرحدسے ملنے والے سات سرحدی راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر پتھورا گڑھ کا چین کی سرحد سے رابطہ منقطع ہے۔