نینی تال: اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں ریلوے انتظامیہ کی جانب سے تقریباً 4 ہزار مسلم خاندانوں کو تجاوزات ہٹانے کا نوٹس دیتے ہوئے علاقہ خالی کرنے کے لیے سات دن کا وقت دیا گیا ہے، جس کے بعد انہیں تجاوزات والے علاقے سے ہٹا دیا جائے گا۔ ہلدوانی میں ہائی کورٹ کے حکم پر ریلوے کی زمین سے تجاوزات خالی کروائے جارہے ہیں، جس کے خلاف مقامی لوگ سراپا احتجاج ہیں۔ Railway Land Encroachment
ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ریلوے کی 78 ایکڑ اراضی سے 4365 مکانات کو منہدم کر کے تجاوزات ہٹائے جائیں گے، ایسے میں اب تجاوزات کی زد میں آنے والے لوگوں نے حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ سخت سردی میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین بزرگ بچے سڑک پر دھرنے پر بیٹھے ہیں اور نعرے بازی کررہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے تجاوزات کے نام پر سخت سردی میں انہیں بے گھر کیا جارہا ہے۔ جب کہ دہائیوں سے اس زمین پر ان کے آبا و اجداد آباد ہیں، اب ریلوے ان کی زمین کو اپنی ملکیت قرار دے رہا ہے۔
اس سلسلے میں ہزاروں افراد نے کینڈل مارچ نکال کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس دوران خواتین کے ساتھ ساتھ بچوں اور بزرگوں نے بھی کینڈل مارچ میں شرکت کی جہاں انہوں نے حکومت سے تجاوزات نہ ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت تجاوزات ہٹانا چاہتی ہے تو پہلے انہیں گھر مہیا کیا جائے۔