محمد شعیب عالم کبھی بھارتی فضائیہ میں افسر ہوا کرتے تھے لیکن وقت نے ایسی کروٹ بدلی کہ اب یہ جانباز افسر مفلسی کی زندگی گزار رہا ہے۔ وہ آوارہ کتوں اور گایوں کے ساتھ اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔
شعیب مسوری کے ہاتھی پاؤں علاقے میں اب ایک ٹوٹے ہوئے ٹن شیڈ میں رہتے ہیں۔ انہوں نے آوارہ کتوں اور گایوں کو ہی اپنا ساتھی بنا لیا ہے۔
ایک وقت تھا جب محمد شعیب جنگی طیاروں جگوآر اور مراج کی دیکھ بھال کیا کرتے تھے۔ سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا، اچانک 1996 میں وہ افسوسناک دن آیا جب شعیب سیاچن کی پوسٹنگ کے دوران 'اسنو بلائنڈنس' نام کی بیماری کا شکار ہوگئے اور انہیں ملازمت ترک کرنا پڑا۔
محمد شعیب 1988 میں ملک کی خدمت کے جذبے کے ساتھ بھارتی فضائیہ میں شامل ہوئے۔ ملک کی خدمت کرتے ہوئے صرف 8 سال ہوئے تھے کہ 'اسنو بلائنڈنس' کی وجہ سے انہیں ملازمت چھوڑنا پڑا چونکہ ان کی بینائی چلی گئی تھی۔