اتراکھنڈ حکومت نے کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج کے لئے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کو 2000 بستروں پر مشتمل ایک کووڈ 19ہسپتال میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں مریضوں کے لیے تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔
اسٹیڈیم کو عارضی ہسپتال میں تبدیل کرنے کا فیصلہ ریاست کے وزیر اعلی تریویندر سنگھ راوت نے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسوں کے تناظر میں لیا۔
بدھ کے روز اتراکھنڈ میں کورنا کے نئے 81 معاملے سامنے آئے جس کے ساتھ ہی کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد 2،023 ہوگئی۔ جبکہ ریاست میں اس انفیکشن کے ابتدائی دو مہینوں (15 مارچ تا 15 مئی) میں بمشکل 100 واقعات دیکھنے میں آئے تھے ، پچھلے ایک ماہ میں یہ تعداد 2 ہزار کی حد سے تجاوز کرگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، اسٹیڈیم کو عارضی ہسپتال میں تبدیل کرنے کا عمل کووڈ 19کیئر نوڈل آفیسر اور آئی جی سنجے گنجیال کی نگرانی میں کیا جارہاہے ۔ اس کے علاوہ ، اتراکھنڈ پولیس فورس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس 2000 بڈز پر مشتمل اس عارضی ہسپتال کے تعمیراتی کام میں مصروف ہیں۔
اسپتال میں کورونا مریضوں کے علاج کے لیے تمام سہولیات ہوں گی، اور اتر پردیش اور اتراکھنڈ کا سب سے بڑا کووڈ 19 کیئر ہسپتال ہوگا۔