دہرادون: اتراکھنڈ میں تقریباً چار سال کے بعد جمعہ کے روز کھلاڑیوں کو مختلف کھیلوں کے ایوارڈ ملا۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے پریڈ گراؤنڈ، نئی اسپورٹس بلڈنگ میں محکمہ کھیل کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام میں سال 2019-20 کے لیے بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیا سین، 2020-21 کے لیے ایتھلیٹکس کھلاڑی چندن سنگھ کو اتراکھنڈ کھیل رتن ایوارڈ سے نوازا۔ اس کے ساتھ ہی، سال 2019-20 کے لیے اتراکھنڈ دروناچاریہ ایوارڈ بیڈمنٹن کوچ دھیریندر کمار سین، سال 2020-21 کے لیے تائیکوانڈو کوچ کملیش کمار تیواری اور سال 2021-22 کے لیے تیر اندازی کے کوچ سندیپ کمار دکلان کو ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی 2021-22 کا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ایتھلیٹکس کھلاڑی سریش چندر پانڈے کو کھیلوںمیں نمایاں خدمات کے لیے دیا گیا۔
اس دوران وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے سال 2021 اور 2022 کے لیے 168 قومی سطح کے تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں اور 42 کوچ کو نقد انعامات سے نوازا۔ کھلاڑیوں اور کوچ میں مجموعی طور پر 2.08 کروڑ روپے کی رقم تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ اتراکھنڈ کے نوجوان کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے کر اور تمغے جیت کر ریاست کا نام روشن کر رہے ہیں۔ جب کوئی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر کھیلتا ہے تو پورے ملک کے جذبات اس سے جڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ ہر ضلع میں 150 لڑکوں اور 150 لڑکیوں کو یعنی ریاست کے کل 3900 ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اسپورٹس اسکالرشپ دی جا رہی ہے۔