دہرادون: اتراکھنڈ سے باہر کے زائرین 72 گھنٹے قبل انڈین کاونسل آف میڈیکل ریسرچ(آئی سی ایم آر)کے تصدیق شدہ لیب سے کورونا جانچ کی منفی رپورٹ یا کوارنٹائن مدت پر عمل کر کے دیوستھانم بورڈ سے ای پاس بنا کر چاردھام کا سفر کرسکیں گے۔
کمشنر گڑھوال و اتراکھنڈ چار دھام دیوستھانم مینجمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر روی ناتھ رمن نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ دیوستھانم کے ذریعہ اب ریاست سے باہر لوگوں کو کچھ شرائط کے ساتھ چار دھام جانے کی اجازت ہے۔ چاردھاموں میں زائرین کو مندروں میں درشن ہورہے ہیں جس میں کسی طرح کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ چاردھام یاترا کے اچھے نتائج آرہے ہیں۔ تھرمل اسکریننگ،سینیٹائیزیشن کے بعد ہی مندروں میں زائرین کو داخلہ دیا جارہا ہے۔ماسک لگانا لازمی کیا گیا ہے اور سوشل ڈسٹنسنگ کا خیال رکھا جارہا ہے۔
سفر کے راستے پر دیوستھانم بورڈ کے مسافر آرام گاہوں کو عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے کھولا جارہا ہے۔
رمن نے کہا کہ 'ریاستی حکومت کی کوشش ہے کہ چارو دھاموں میں آہستہ آہستہ زائرین کی آمد ہو تاکہ سیاحت اور زیارت کو رفتار مل سکے ۔
انہوں نے کہا کہ 'اب اتراکھنڈ سے باہر کے لوگ بھی چاردھام کا سفر ای پاس اور صحت سے متعلق معیار کو پورا کر کے کرسکتے ہیں۔
اڈیشنل چیف ایگزیکٹوافسر بی ڈی سنگھ نے بتایا کہ دیوستھانم بورڈ کے ذریعہ یکم جولائی سے 24 اگست شام پانچ بجے تک 35028 ای پاس جاری کیے جاچکے ہیں۔ ای پاس زائرین کو ان کے ذریعہ تجویز کردہ تاریخوں کے لیے جاری کیے گیے ہیں۔ ای پاس لے کر زائرین زیارت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
دیوستھانم بورڈ کے میڈیا انچارج ڈاکٹر ہریش گوڑ نے بتایا کہ ابھی تک 20 ہزار سے زائد زائرین چار دھام زیارت کے لیے پہنچ گئے ہیں۔ سفر تواتر سے جاری ہے۔ پورٹل انچارج سنجے چمولی کے مطابق ای پاس کے لیے عقیدت مندوں کے ذریعہ مسلسل رابطہ کیا جارہا ہے اور مسافروں کو مناسب رہنمائی دی جارہی ہے۔