اترکاشی: اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع میں گذشتہ روز رات میں سلکیارا سرنگ سے نکالے گئے مزدوروں کے اہل خانہ نے جشن منایا۔ ریسکیو آپریشن کی کامیابی کے بعد امدادی ٹیموں میں خوشی اور راحت کی سانس لی۔ ریسکیو آپریشن میں حکومتی اداروں اور غیر ملکی ماہرین کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔
سرنگ سے بچائے گئے 41 کان کنی کارکنوں میں سے کم از کم 15 جھارکھنڈ، 2 اتراکھنڈ، 5 بہار، 3 مغربی بنگال، آٹھ اتر پردیش، پانچ اوڈیشہ، دو آسام اور ایک ہماچل پردیش سے تعلق رکھتے ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں ان مزدوروں کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے خوشی میں پھول چڑھائے اور پٹاخے پھوڑ کر جشن منایا۔ بہت سے رشتہ دار بالآخر اپنے پیاروں سے مل گئے، جو واقعے کے چند دن بعد جائے وقوعہ پر پہنچے تھے اور تب سے وہیں ڈیرے ڈالے ہوئے تھے۔
دریں اثناء مقامی لوگ بھی سرنگ کے مقام پر خوشی منانے لگے اور لوگوں میں مٹھائیاں تقیسم کی گئیں۔ سلکیارا ٹنل سے بچائے گئے کارکنوں میں سے ایک وشال کی والدہ ارمیلا نے اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "میں اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کی حکومتوں سے بہت خوش ہوں، میں دل کی گہرائیوں سے ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں"۔