دہرادون: پولیس اسٹیشن پریم نگر علاقہ کے تحت گڈریا محلہ ٹھاکر پور روڈ ٹی اسٹیٹ میں کچھ خواتین پر ایک مزار توڑنےکا الزام عائد کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقامی کچھ خواتین نے مزار کو توڑا اور اس کے بعد ایک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کردیا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے سے پولیس انتظامیہ کو خبر ہوئی۔ پولیس نے ان خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق اس مقبرہ میں ایک مشہور بابا کی تصویر بھی موجود تھی۔
پولیس کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ کسی بھی شخص کو ضلع میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اگر کسی نے ضلع میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے مزید کہا کہ اگر کوئی بھی شخص ضلع میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے تو عوام براہ راست متعلقہ چوکی، تھانے اور پولیس افسران کو ایسے افراد کے خلاف اطلاع دے سکتے ہیں۔