ریاست اتراکھنڈ میں دو روزہ دورے پر گئے بری فوج کے سربراہ جنرل منوج مکند نروانے نے جمعرات کے روز چین ۔ نیپال سرحد سے متصل ضلع پتھورا گڑھ کا دورہ کیا۔
اس دوران بری فوج کے سربراہ نروانے نے 119 آزاد بریگیڈ پتھورا گڑھ میں فوجی افسران کے ساتھ میٹنگ کرتے ہوئے آپریشنل اور حفاظتی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
اس کے ساتھ ہی چین اور نیپال سرحد سے متصل کالا پانی، لِپو لیکھ اور لِمپیا دھورا کا فضائی معائنہ بھی کیا۔ یہ وہی بھارتی علاقے ہیں جنھیں اپنا بتا کر نیپال نے اپنے نقشے میں شامل کیا ہے اور اسی کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں دراڑ پیدا ہوئی ہے۔
پتھورا گڑھ ہیڈ کوارٹر میں موجود 119 آزاد بریگیڈ پہنچنے پر جوانوں نے بری فوج کے سربراہ نرونے کو گارڈ آف آنر پیش کیا جس کے بعد نرونے نے یہاں متعدد فوجی افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔