دہرادون:اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے پیر کو کہا کہ سلکیارا ٹنل میں پھنسے لوگوں کو محفوظ طریقے سے نکالنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد سے عہدیداروں سے مسلسل اپ ڈیٹس لے رہے ہیں اور صورت حال پر مسلسل نظر بنائے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلی آج صبح سلکیارا پہنچے اور جائے وقوع پر صورت حال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بچاؤ اور راحت رسانی کے کاموں کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔ انہوں نے ٹنل پر پہنچ کر حکام سے حادثے کی مکمل جانکاری لی۔ دہرادون میں جائے حادثہ سے واپس آنے کے بعد پشکر سنگھ دھامی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سرنگ میں ملبہ ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ رات بھر ریسکیو جاری رہا۔ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، ریلوے اور ماہرین کی ٹیمیں موقعے پر موجود ہیں۔ سرنگ میں پھنسے افراد بالکل ٹھیک ہیں اور ان سے بات بھی کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹنل میں پھنسے لوگوں سے مسلسل بات چیت کی جا رہی ہے۔ جہاں لوگ پھنسے ہوئے ہیں وہاں تقریباً 200 میٹر کا راستہ ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کی سہولت بھی موجود ہے۔ تاحال پھنسے ہوئے افراد مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچاؤ کا کام بہت اہم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ایسے میں حکومت کی ترجیح سب کو بحفاظت باہر نکالنے کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کو نکالنے کے لیے تین منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، ریلوے اور ماہرین کی ٹیمیں موقعے پر موجود ہیں۔