مظفر نگر: ریاست اترپردیش کے مظفر نگر میں مہاشیو راتری کے موقع پر بھگوان بھولے ناتھ کی مہا آرتی میں شرکت کے لیے آئے ہندوؤں کے مذہبی پیشوا دھیان گورو سوامی دیپانکر مہاراج کے ساتھ بدسلوکی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ان کے ساتھ موجود لوگوں نے پولیس حکام سے معاملے کی شکایت کی ۔ ہفتے کی دیر رات سوامی دیپانکر مہاراج نے بتایا کہ وہ مہا شیو راتری کے موقع پر شیو چوک میں ہونے والی مہا آرتی میں شرکت کے لیے مظفر نگر آئے تھے۔ اس کے بعد وہ شیو چوک پر منعقدہ جاگرن کے پلیٹ فارم پر پہنچے اور اپنے ذریعہ چلائے جارہے بھکشا یاترا کے بارے میں جانکاری دی اور لوگوں سے خطاب کیا۔
سوامی دیپانکر مہاراج نے بتایا کہ جیسے ہی وہ اسٹیج سے نیچے اترنے لگے تو ایک نامعلوم نوجوان نے انہیں دھکا دیا اور بدسلوکی کرتے ہوئے ان پر تھوک دیا۔ جس کی شکایت پاس کھڑے پولیس اہلکاروں سے کی گئی۔ مہاراج نے اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ جس وقت سوامی دیپانکر مہاراج کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا، مظفر نگر کے شیو چوک پر سینکڑوں عقیدت مندوں کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی موجودگی میں ہمارے ساتھ بدسلوکی کی گئی اور پولیس اہلکار وہاں کھڑے ہنس رہے تھے۔