لکھنؤ:اتر پردیش میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ارادے سے ریاست کی یوگی حکومت نے کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے طرح طرح کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی کھیلوں کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر نونیت سہگل نے پیر کو کہا کہ ریاست میں کھلاڑیوں کی اعلیٰ کارکردگی کی راہ میں اب مالی مسائل رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ حکومت ایکلویہ اسپورٹس فنڈ کے تحت کھلاڑیوں کو کھیل میں ان کی اعلیٰ کارکردگی اورفروغ کے لیے فیلوشپ فراہم کرے گی۔ Yogi govt promoting sports
اس سلسلے میں ڈاکٹر سہگل کی صدارت میں منعقدہ ایکلویہ اسپورٹس فنڈ کی میٹنگ میں 35 کھلاڑیوں کو مالی امداد/فیلوشپ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ایکلویہ اسپورٹس فنڈ سے ضلع اورڈویژن میں ٹریننگ لے رہے تمام رجسٹرڈ کھلاڑیوں، رہائشی اسپورٹس ہاسٹلز اور اسپورٹس کالجزکے کھلاڑیوں کو آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت کور کرنے کی تجویز پاس کی گئی۔
ڈاکٹر سہگل نے بتایا کہ مختلف اضلاع اور ڈویژنوں سے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں میڈل جیتنے والوں کو ایکلویہ اسپورٹس فنڈ سے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ ایکلویہ اسپورٹس فنڈ کے تحت کھیلوں کی فیڈریشنوں کے ذریعے منعقد کی جانے والی قومی چمپئن شپ میں تمغہ جیتنے والوں کو ان کے کھیلوں کے نظم و ضبط سے متعلق ضروری سامان کی خریداری کے لیے پانچ لاکھ روپے تک کی گرانٹ فراہم کرنے کا انتظام ہے۔
انہوں نے کہا کہ الحاق شدہ اسپورٹس فیڈریشنز کے ذریعہ چار برسوں کے وقفے سے منعقد کی جانے والی ایشین چیمپئن شپ، ایشین گیمز، ورلڈ کپ، ورلڈ چیمپئن شپ اور ایشین کپ میں میڈل جیتنے والے اور حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو جسمانی نشوونما اور ترقی کے لیے ڈائٹ منی کے طورپرتین لاکھ روپے کی رقم سالانہ دینے کا التزام ہے۔ اسی طرح جونیئر ایشین چیمپئن شپ، جونیئر ورلڈ چیمپئن شپ، جونیئر ورلڈ کپ، ایشین کپ، یوتھ اولمپک گیمز، کامن ویلتھ گیمز، سیف گیمز میں میڈل جیتنے والے اور حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو سالانہ 2 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔