ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں ریاستی حکومت پر کورونا وائرس کو قابو کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے ریاستی کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے کہا کہ آگرہ کے بعد کانپور اور سہارنپور میں کووڈ۔19 کے بڑھتے انفیکشن سے حواس باختہ اترپردیش حکومت وبا کے اعداد و شمار چھپارہی ہے۔
للو کمار جاری بیان میں کہا کہ آگرہ کے مئیر کے خط نے کورونا کے خلاف لڑائی میں یوگی حکومت کی ناکامی کو اجاگر کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چا ہے پرسونل پروٹیکٹیو ایکیوپمنٹ (پی پی ای) کٹ کا معاملہ ہو، یا پھر وینٹیلیٹر، آئی سی یو اور عوام کے ساتھ ہمدردانہ سلوک، ریاست کی بی جے پی حکومت پوری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے لڑنے میں آج اترپردیش ملک میں سب سے پیچھے ہے، اس میں بھی سہارنپور، فیروزآباد اور رائے بریلی کی حالت سب سے زیادہ خراب ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت کورونا وبا کے بارے میں جس آگرہ ماڈل کا ڈھول پیٹ رہی تھی اس کی ہوا نکل چکی ہے۔
کانگریس ریاستی صدر نے کہا کہ صوبے کے اہم صنعتی مرکز کانپور میں کچھ میڈیا اہلکار کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ایسے شبہ کا اظہار کیا جارہا ہے کہ شہر میں ہزاروں کی تعداد میں کورونا وائرس کے متاثر ہوسکتے ہی، لیکن اس ضمن میں کچھ اطلاع نہیں ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ آخر پتہ چلے بھی تو کیسے کہ یوگی حکومت تو زیادہ سے زیادہ جانچ کرنے کے بجائے اعداد کو دبانے میں مشغول ہے۔