اترپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجے کمار للو نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کے دوران کہا کہ صوبہ کی موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوئی ہے لیکن وہ جھوٹے دعوے کر کے عوام کو ورغلانے کا کام مسلسل کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانپور میں ایک صحافی کو گولی مار کر قتل کردیا گیا لیکن ابھی تک اس کے قاتلوں کا خلاصہ نہیں ہوا۔ اس کے علاوہ جونپور اور اعظم گڑھ میں جو حادثہ ہوا ہے، اس میں بھی یوگی حکومت نے سچائی نہ لا کر بے گناہ لوگوں پر کاروائی کر کے اپنا اصلی چہرا دکھایا ہے۔
اجے کمار للو نے کہا کہ ریاست میں کسانوں، مزدوروں اور نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔ صوبے میں بےروزگاری بڑھتی جا رہی ہے، وہیں یوگی مودی ریاست میں ایک کروڑ سے زائد لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ یہ روزگار دینے کا صرف جھوٹا دعویٰ ہے اور سچائی سے بالکل دور ہے۔
ریاستی صدر اجے کمار للو نے بتایا کہ ہماری پارٹی نے اتر پردیش کے مختلف اضلاع کے کسانوں، مزدوروں اور کاریگروں سے بات کی ہے، جس میں صاف طور پر بتایا گیا کہ ہم لوگ پہلے کام کرتے تھے لیکن لاک ڈاؤن کے سبب نوکری چلی گئی، مشکل سے گزارا ہو رہا ہے۔ جبکہ یوگی حکومت روزگار دینے کی بات کر رہی ہے۔