کورونا سے بے حال اور بے قابو نوئیڈا و اطراف کے قصبات اور دیہی علاقوں میں بڑھتی ہوئی کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے اور کورونا متاثرہ افراد کے علاج معالجے کے لئے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع گوتم بدھ نگر کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے کورونا کے انفیکشن سے تحفظ اور متاثرہ افراد کے علاج معالجے کو ممکن بنانے کی غرض سے این ٹی پی سی سیکٹر 16 اے نوئیڈا کے آڈیٹوریم میں افسران اور عوامی نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔
کورونا کی آڑ میں لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کے خلاف یوگی نے کارروائی کی ہدایت دی
اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے گوتم بدھ نگر کا دورہ کرتے ہوئے ہسپتال کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کورونا کے انفیکشن سے تحفظ اور متاثرہ افراد کے علاج معالجے کو ممکن بنانے کی غرض سے این ٹی پی سی سیکٹر 16 اے نوئیڈا کے آڈیٹوریم میں افسران اور عوامی نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔
وہیں ویکسینیشن پروگرام اور میڈیکل کٹس تقسیم اور مریضوں کو ملنے والے علاج کے سلسلہ میں اندرا گاندھی آرٹ سنٹر سیکٹر -6 نوئیڈا میں اجلاس کی صدارت کی۔ بعد ازاں کووڈ کیئر سنٹر سیکٹر 45 اور گاؤں چھپرولی کے پرائمری صحت مرکز پہنچ کر حقیقت کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ نے این ٹی پی سی آڈیٹوریم میں عہدیداروں اور عوامی نمائندوں سے ملاقات کے دوران واضح کیا کہ کورونا انفیکشن کی روک تھام کے لئے موثر عمل کو یقینی بنایا جائے اور مریضوں کا علاج پروٹوکول کے مطابق کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات دیکھنے میں آرہی ہے کہ اس وبا کے دور میں کچھ نجی ہسپتال اور نجی کورونا ٹیسٹنگ لیبز لوٹ مار کے مراکز بن چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو سخت ہدایات دیں کہ ایسے ہسپتالوں اور لیبوں کو نشان دہی کرکے سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ ضلع میں خواتین اور بچوں کے لئے ایک علاحدہ ہسپتال کی فراہمی کو یقینی بنائیں، دوسری طرف نان کووڈ ہسپتال کا آغاز کرتے ہوئے ڈاکٹروں کے ذریعہ ٹیلی سہولت کے ذریعہ شہریوں کو فوائد فراہم کرنے کے لئے ایکشن لیا جائے۔ میٹنگ میں انہوں نے کہا کہ ضلع میں کنٹونمینٹ زون میں مضبوطی کے ساتھ کورونا کرفیو نافذ کیا جانا چاہئے تاکہ شہریوں کو کورونا انفیکشن سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے نگرانی کمیٹیوں کو بھی متحرک کیا۔