اتر پردیش 2022 اسمبلی انتخابات سے قبل کسانوں کو راحت دیتے ہوئے ویزر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے کسانوں کے بجلی بل کے سود معافی کے ساتھ گنا کی سہارا قیمت میں فی کوئنٹل 25 روپئے کے اضافہ کا اعلان کیا ہے جس کے بعد گنا کی قیمت فی کوئنٹل 350روپئے ہوگئی ہے۔
وزیر اعلی نے یہ اعلان بی جی پی کی جانب سے لکھنؤ کے ڈیفنس ایکپسو گراونڈ میں منعقد کسان سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب کے دوران وزیر اعلی نے کہا کہ مرکز کے ساتھ اترپردیش حکومت بھی ہمیشہ ہی کسان اور غریب کی دوست رہی ہے۔ مرکز اور ریاست کی تمام اسکیمات کسان اور غریبوں کے مفادات کو ذہن میں رکھ کر تیار کی جاتی ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 'آج ہم نے بھی گنے کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کسانوں کے بجلی بل پر سود معافی کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ 'اب کسانوں کو گنا کی بڑھی ہوئی قیمتیں ملیں گی جس سے ان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ حکومت کے اس فیصلے سے ریاست کے 45 لاکھ کسان مستفید ہوں گے۔'
وزیر اعلیٰ نے اپنے میعادکار میں ایک بھی چینی مل نہ فروخت کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ 'بی ایس پی اور ایس پی کے میعادکار میں ریاست کی 21چینی ملیں بند ہوئی تھیں۔ ان سابقہ حکومتوں نے سرکاری چینی ملوں کو سستے داموں پر فروخت کردیا تھا۔ 250۔300 کروڑ روپئے کی مالیت والی چینی ملوں کو 25۔30کروڑ روپئے میں فروخت کردیا گیا۔ ہم ان ملوں کی دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔'