اردو

urdu

By

Published : Jun 28, 2021, 7:44 PM IST

ETV Bharat / state

ڈیلٹا پلس کی روک تھام کے لیے جینوم سِیکوئنسِنگ پر زور

ملک کی 11 سے زیادہ ریاستوں میں کورونا وائرس کے نئے اسٹرین ڈیلٹا پلس کے مریضوں کی شناخت کے بعد اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست میں کورونا وائرس کا گہرائی سے مطالعہ کرنے کے لیے جینوم سِیکوئنسِنگ کی سہولت کو مستحکم کئے جانے کی ہدایت دی ہے۔

delta plus
delta plus

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منعقد اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کووڈ 19 کی صورتحال کا جائزہ لینے کے دوران جینوم سِیکوئنسِنگ کی سہولت پرزور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی متعدد ریاستوں میں کورونا وائرس کے ڈیلٹا پلس کے مریضوں کے پیش نظر ریاست میں خصوصی احتیاط برتی جائے ۔اس حوالے سے مختلف ریاستوں سے فیڈبیک کا مطالعہ کیا جائے۔

طبی ماہرین کے مشورے کے مطابق تمام ضروری اقدامات فوری طور پر اٹھائے جائیں۔ اس سے ڈیلٹا پلس ویرئنٹ کی روک تھام اور علاج کے بہتر انتظام میں مدد ملے گی۔

میٹنگ میں بتایا گیا کہ بی ایچ یو، وارانسی، کے جی ایم یو، لکھنؤ، سی ڈی آر آئی، لکھنؤ اور آئی جی آئی بی دہلی کے تعاون سے جینوم کی جانچ کرائی جارہی ہے۔

اس میٹنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے 190 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اسی عرصے میں 261 متاثرہ افراد کا کامیابی کے ساتھ علاج کے بعد انہیں ڈسچارج کیا گیا۔ فی الحال انفیکشن کے ایکٹیو معاملوں کی تعداد 3046 ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 63 ہزار 33 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ ریاست میں اب تک 5 کروڑ 73 لاکھ 48 ہزار 462 کووڈ ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔ فی الحال ریاست میں کورونا انفیکشن ریکوری کی شرح ہے98.5 فیصد ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کورونا انفیکشن کی چین توڑنے میں جانچ کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ریاست میں 11 نئے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹنگ لیبز کا کام شروع کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کو تیزی سے کیا جائے۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ان لیبارٹریز کو فعال بنانے کے بعد آر ٹی پی سی آر کی جانچ لیب ریاست کے 45 اضلاع میں فعال ہوجائیں گی۔

متعددی بیماریوں کے موثر کنٹرول کے لیے یکم جولائی سے ریاست بھر میں مہم شروع ہو رہی ہے۔ انسیفلائٹس، ملیریا، ڈینگو، چکن گُنیا، کالا زار، ڈائریا وغیرہ جیسے متعددی امراض کی موثر روک تھا م کے لیے ہر ضلع میں بین محکمہ جاتی تال میل کے ساتھ مہم چلائی جائے۔

انہوں نے صفائی صفائی، سینٹائیزر اور فاگنگ کے عمل کو موثر انداز میں جاری رکھنے کی ہدایت دی۔

یہ بھی پڑھیں: 'بی جے پی، سماجوادی پارٹی سے گھبرائی ہوئی ہے'

یوگی آدتیہ ناتھ نے پرائمری، سب ہیلتھ سینٹر اور صحت و تندرستی مراکز کے کاموں کو مضبوط بنانے کی پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام ہسپتالوں اور صحت مراکز میں ضروری طبی سامان کام کرنے کی حالت میں رکھے جائیں۔ صحت مراکز میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی کارکنان کی دستیابی کی جائے۔ صحت مراکز کی صفائی اور رنگائی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔

وزیر اعلیٰ نے ریاست میں زیر تعمیر آکسیجن پلانٹس کی پیش رفت سے متعلق بھی معلومات حاصل کیں۔ انہیں آگاہ کیا گیا کہ آکسیجن پلانٹس لگانے کا عمل زوروں پر ہے۔ ان کاموں کا باقاعدگی سے مختلف سطحوں پر جائزہ لیا جارہا ہے۔ ریاست میں آکسیجن کے 118 پلانٹ کار آمد ہوچکے ہیں۔ مناسب بیک اپ کے ساتھ ریاست میں آکسیجن دستیاب ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details