کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری کے تکونیا میں کار سے کچل کر ہلاک ہونے والے کسانوں کے آخری ارداس کی مجلس میں شامل ہوئیں۔
پرینکا گاندھی نے صحافی رمن کشف، کسان نچھتر سنگھ، لو پریت سنگھ، گروندر سنگھ، دل جیت سنگھ کی روح کے سکون کے لیے دعا کی اور تصویر پر پھول ڈال کر خراج عقیدت پیش کیا۔
پرینکا گاندھی نے زخمی کسانوں سے ملاقات کی اور ان سے عہد کیا کہ آخری سانس تک کسانوں کے لیے انصاف کی لڑائی لڑتی رہوں گی۔ اس حوالے سے زخمی کسانوں نے پرینکا گاندھی کا شکریہ ادا کیا۔
کسانوں نے کہا کہ 'پرینگا گاندھی نے ہمارے ساتھ انصاف کے لیے جدوجہد کیا ہے جس کے لیے ہم ان کا شکر گزار ہیں۔
میڈیا کے سوالوں پرینکا گاندھی نے کوئی جواب نہیں دیا لیکن انہوں نے اتنا ضرور کہا کہ 'آج ہم ارداس کی آخری محفل میں شامل ہونے آئے ہیں۔ اس لیے میں کچھ نہیں بولوں گی۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ آخری سانس تک کسانوں کے لیے انصاف کی لڑائی لڑوں گی۔'
یہ بھی پڑھیں: لکھنؤ: گاندھی مجسمے پر پرینکا گاندھی کا دھرنا
پرینکا گاندھی کا قافلہ صبح 8 بجے لکھنؤ ایئرپورٹ سے لکھیم پور کے لیے روانہ ہوا تھا۔ اس دوران پولیس انتظامیہ نے متعدد مقامات پر کانگریس کارکنان کو روکا جس میں پولیس اور کارکنان کے درمیان زبانی جھڑپ بھی ہوئی۔
اس دوران کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر اجے کمار للو، نسیم الدین صدیقی، اقلیتی مورچہ کے صدر شاہنواز احمد سمیت کانگریس پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ کانگریس کے ہزاروں کارکنان موجود رہے۔