لکھنؤ: حج کمیٹی آف انڈیا نے سرکلر جاری کرکے اتر پردیش میں دو انبارگیشن پوائنٹ بنایا ہے۔ اترپردیش کے عازمین حج لکھنؤ اور بنارس سے پرواز کریں گے۔ حج کمیٹی نے بنارس سے جانے والے عازمین کے لیے سرکلر جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بنارس سے عازمین گو فرسٹ ائیر لائن سے جدہ کے لیے روانہ ہوں گے لیکن اس ائیر لائن کی سروس بند ہو چکی ہے یہ دیوالیہ ہونے کے دہانے پر ہے ایسے میں بنارس سے جانے والے 25 سو عازمین حج کس ایئرلائن سے جائیں گے ابھی تک حج کمیٹی آف انڈیا نے واضح نہیں کیا ہے۔ جبکہ عازمین کی پہلی پرواز 21 مئی کو ہے۔
بنارس کے رہائشی و اقلیتی کمیشن کے رکن حیدر چاند عباس نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کاشی سے کعبہ جانے کی روایت قدیم ہے اور بنارس وزیر اعظم نریندر مودی کا پارلیمانی حلقہ بھی ہے وہاں حاجیوں کے لیے کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی گوفرسٹ ایئر لائن سے حج کمیٹی آف انڈیا نے بنارس کے عازمین حج کو جانے کے لیے اعلان کیا تھا لیکن اب اس کی سروس بند ہو چکی ہے لہذا اس معاملے کا حل نکال لیا جائے گا لیکن عازمین حج کے مابین پریشانی اور کشمکش کی کیفیت ضرور ہے۔ وہ تمام لوگ جو مشرقی اترپردیش کے بنارس سے پرواز کریں گے ان کے لیے ابھی شش و پنج کی کیفیت برقرار ہے۔ آنے والے 12 مئی کو ریاستی حج کمیٹی اور محکمہ کے افسران کی بنارس میں حج کی سہولیات اور دیگر تمام امور پر اہم میٹنگ ہوگی جس میں گو فرسٹ کے افسران کو بھی طلب کیا گیا ہے اور ان سے بھی اس معاملے پر بات چیت کرکے کوئی حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی۔