ریاست اتر پردیش کے 53 اضلاع میں ضلع پنچایت صدر کے عہدے کے لئے آج یعنی ہفتے کے روز انتخابات ہوں گے۔ اس سے قبل کے انتخابی عمل کے تحت 22 اضلاع میں ضلع پنچایت صدر بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ اب باقی 53 ضلع پنچایت صدر عہدے کے لیے ووٹنگ ہوگی۔
ریاستی الیکشن کمشنر منوج کمار کی جانب سے تمام ضلع مجسٹریٹوں اور پولیس کپتانوں کو پنچایت صدر کے انتخاب میں ووٹنگ اور ووٹوں کی گنتی کے دوران منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی سخت ہدایات دی گئی ہیں۔
ریاست کے 53 اضلاع میں ضلع پنچایت صدر کے عہدے پر انتخابات کا عمل یعنی ووٹنگ 3 جولائی بروز ہفتہ کو ہوگی۔ آج صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگا۔ اس کے بعد ووٹوں کی گنتی سہ پہر تین بجے سے شروع ہوگی جو انتخابی نتائج کے اعلان تک جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: یوپی ضلع پنچایت صدر انتخابات: سماجوادی پارٹی کا بی جے پی پر سنگین الزام
ضلع پنچایت صدر کے انتخاب میں بی جے پی نے 21 اضلاع میں ضلع پنچایت صدر کو بلا مقابلہ جیت لیا ہے۔ وہیں دوسری طرف سماج وادی پارٹی بلا مقابلہ ایک نشست جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔
ان اضلاع میں ہوگا انتخابات
ریاست کے دارالحکومت لکھنؤ، چندولی، ہاپوڑ، مرزا پور، رائے بریلی، متھرا، فیروز آباد، سلطان پور، بجنور، ہمیر پور، سونبھدرہ، بلیا، مظفر نگر، غازی پور، اناؤ، ہردوئی، کشی نگر، مین پوری، پرتاپ گڑھ، کنوج، جالون، مہاراج گنج، لکھیم پور، بدایوں، پریاگ راج، امیٹھی، سنت کبیر نگر، بھدوہی، بارہ بنکی، سنبھل، بستی، فرخ آباد، فتح پور، شاملی، علی گڑھ، جون پور، کاس گنج، اعظم گڑھ، سدھارتھ نگر، ایودھیا، رام پور، سیتا پور، ایٹہ، اوریا، مہوبہ، فتح پور، کانپور نگر، کان پور دیہات، بریلی، کوشامبی، امبیڈکر نگر، ہاتھرس، دیوریا میں ضلع پنچایت صدر کے عہدے کے لئے ووٹنگ ہوگی۔