رامپور: سینئر سماج وادی پارٹی(ایس پی) لیڈر و سابق کابینی وزیر محمد اعظم خان نے رام پور میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں مقامی انتظامیہ کو رائے دہندگان کو دھمکانے کا موردالزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں بی جے پی امیدوار کو فاتح قرار دے دینا چاہئے۔Azam Khan On By Elections
ہفتہ کی دیر رات اپنی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں اعظم نے کہا' جب رامپور میں ضمنی الیکشن شفاف طریقے سے منعقد نہیں ہورہے ہیں تو ایسی صورت میں بی جے پی امیدوار کو منتخب ہوا قرار دے دینا چاہئے۔اس کے لئے میں پارٹی سربراہ کے ذریعہ الیکشن کمیشن سے درخواست کرونگا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پارٹی صدر اکھلیش یادو، راشٹریہ لوک دل(آر ایل ڈی) صدر جینت چودھری اور چندر شیکھر آزاد رام پور آرہے ہیں۔جب شفاف طریقے سے رامپور میں ضمنی الیکشن نہیں ہورہے ہیں تو انہیں یہاں آنے کی کیا ضرورت ہے۔
ایس پی لیڈر نے کہا کہ جس طریقے سے فلیگ مارچ کے ذریعہ رائے دہندگان کو خائف کیا جارہا ہے ایسے میں ضمنی الیکشن کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اعظم نے الزام لگایا کہ رائے دہندگان کو خائف اور انہیں ووٹنگ کے لئے گھروں سے باہر نہ آنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ووٹروں کو دھمکی دی جارہی ہے کہ اگرا انہوں نے ایس پی کو ووٹ کیا تو انہیں ان کے گھروں سے نکال دیا جائے گا۔یہاں تک کی میری بیوی کو بھی گھر سے باہر نہ آنے کا انتباہ دیا گیا ہے۔اس طرح کی وحشیانہ حرکت، خواتین کے ساتھ ناروا اور ناشائستہ سلوک کسی بھی سسٹم کو زیب نہیں دیتا۔