ریاست اتر پردیش کا شہر بنارس اسمارٹ سٹی کے زمرے میں ہے اور ساتھ ہی یہ وزیراعظم نریندر مودی کا پارلیمانی حلقہ ہے ۔ اس کے علاوہ یہاں ہزاروں کروڑ کے پروجیکٹ زیر تعمیر ہیں اس کے باوجود بنارس کے پرانے پل علاقے مومن پورہ میں گزشتہ 20 برسوں سے اب تک کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں ہوا جس کی وجہ سے علاقائی افراد بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم ہیں۔
تقریبا پانچ ہزار افراد کی آبادی پر مشتمل بنارس کے پرانے علاقے کے مومن پورہ میں بنیادی سہولیات موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے اب مومن پورہ کے رہائشی خود اپنی جیب کے خرچ سے سیور پائپ ڈال کر بیت الخلا کی تعمیر کر رہے ہیں، پانی نکلنے کے لیے نالیاں بنا رہے ہیں اور کچی سڑکوں پر مٹی ڈال کر چلنے کے قابل بنا رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق یہ علاقہ 2014 میں میونسپل کارپوریشن کے ماتحت ہوگیا تھا تب سے یہاں کے لوگ ہاؤس ٹیکس بھی ادا کر رہے ہیں لیکن سہولت کے نام پر انھیں کچھ بھی میسر نہیں ہے۔
مومن پورہ کے رہنے والے عبدالعزیز بتاتے ہیں کہ مقامی لوگوں نے چندہ جمع کرکے سیور لائن کا پائپ ڈالا ہے، کچی سڑکوں پر مٹی ڈال کر اسے لوگوں کے چلنے کے قابل بنایا گیا اور گھروں میں خواتین کے لیے بیت الخلاء کی تعمیر بھی کی گئی۔