وارانسی:اترپردیش کے ضلع وارانسی کے سنکٹ موچن مندر اور کینٹ ریلوے اسٹیشن پر سات مارچ 2006 میں ہوئے سیریل بم بلاسٹ میں دو درجن سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ سو سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اس حملے کے ماسٹر مائنڈ ولی اللہ کو تقریبا 3 بجے ضلع اینڈ سیشن جج جتیندر کمار سنہا نے پھانسی کی سزا سنائی۔ اس کے علاوہ اسے دیگر دفعات کے تحت عمر قید اور مالی جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
سنکٹ موچن مندر میں دھماکے کا معاملہ وارانسی لنکا تھانہ، دشاشومیگھ گھاٹ پر بم ملنے کا معاملہ دشاشومیگھ گھاٹ تھانہ اور کینٹ اسٹیشن پر دھماکے کا معاملہ جی آر پی بنارس تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ مخبر کی اطلاع پر پولیس نے پانچ افراد کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ اس ٹیم نے ولی اللہ کو لکھنؤ کے گوسائی گنج تھانے علاقے سے گرفتار کیا تھا۔الہ آباد میں پھولپو کے ایک گاؤں کے رہنے والے ولی اللہ کی نشاندہی پر اے۔47 رائفل اور آر ڈی ایکس برآمد کیا گیا تھا۔ ولی اللہ کے ساتھ مولانا زبیر اس بلاسٹ کے ایک سال بعد سکیورٹی اہلکار کے ساتھ مڈھ بھیڑ میں مارا گیا تھا۔ باقی کے تین ملزمین کی شناخت آج تک نہیں ہوپائی ہے۔عدالت نے گذشتہ 4جون کو ولی کو خاطی قرار دیتے ہوئے 06جون کو سزا سنانے کو کہا تھا۔