ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں واقع مدرسہ اسلامیہ عربیہ فیض العلوم میں کورونا سے بچاؤ کے لئے ویکسینیشن کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ جہاں بڑی تعداد میں مدرسہ کے طلبہ، اساتذہ اور مقامی لوگوں نے جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے کووڈ ویکسین لگوائی۔ اس موقع پر اقلیتی بہبود کے افسر محمد خالد بھی موجود رہے۔
کورونا کی دوسری لہر کے بعد کووڈ 19 کی ٹیکہ کاری کی مہم تیز ہوتی جا رہی ہے۔ رامپور کا نامور مدرسہ اسلامیہ عربیہ فیض العلوم میں آج ویکسینیشن کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ جہاں 18 برس سے زائد عمر والے مدرسہ کے طلبہ، اساتذہ اور مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں کورونا سے بچنے کے لئے ٹیکہ کاری کروائی ۔
اس موقع پر مدرسہ کے مہتمم مولانا اسلم جاوید قاسمی نے کہا کہ تمام لوگ جو 18 برس سے زائد کے ہوگئے ہیں وہ کورونا سے خود کو اور دیگر لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ٹیکہ ضرور لگوائیں۔