علیگڑھ: حج 2023 کی تیاریاں روز و شور سے جاری ہیں جن خوش نصیب افراد کا حج پر جانے کا نمبر آیا ہے وہ حج کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ اسی ضمن میں مختلف مقامات پر عازمین حج کے لیے خصوصی حج تربیتی اور حج ویکسینیشن کیمپ کے اہتمام کیے جارہے ہیں۔ ریاست اترپردیش کے ضلع علی گڑھ میں واقع عالمی شہرت یافتہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اسٹاف کلب میں ریاست اترپردیش حج کمیٹی کی جانب سے خصوصی حج ویکسینیشن کیمپ کا اہتمام عازمین حج کے لیے کیا گیا جس میں خاصی تعداد میں ضلع علیگڑھ سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد نے شرکت کی جو حج 2023 پر روانہ ہو رہے ہیں۔
حج ٹرینر عبدل شاکر نے بتایا ضلع علیگڑھ سے حج کمیٹی کی جانب سے تقریباً 498 عازمین حج کے لیے روانہ ہوں گے۔ آج ویکسینیشن کیمپ میں انہیں عازمین حج کو اورل پولیو ڈراپ سمیت دو ویکسین لگائی جا رہی ہیں جو بہت ضروری ہیں۔ اس سے قبل عازمین حج کو حج سے متعلق ٹریننگ بھی دے چکے ہیں۔ حج پر روانہ ہونے سے قبل عازمین حج کو یہ ویکسینیشن کرنا ضروری ہوتا تاکہ حج کے دوران حاجیوں کو بخار، زکام، خھانسی نہیں ہو۔ اس ویکسینیشن کے بعد عازمین حج کو ویکسینیشن کا کارڈ دیا جاتا ہے جو سعودی میں دیکھا جاتا ہے۔ ان ویکسین کے علاوہ وہاں بھی پولیو وغیرہ کی ویکسین دی جاتی ہے۔