لکھنؤ: ریاست اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع کے منصور پور تھانہ علاقے میں واقع نیہا پبلک اسکول میں ایک مسلم طالب علم کی ہندو طالب علموں کے ذریعے پٹائی کروانے کے معاملے میں اتر پردیش اقلیتی کمیشن نے از خود نوٹس لیتے ہوئے مظفر نگر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو نوٹس بھیج کر پورے معاملے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ کمیشن نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے علاوہ نیہا پبلک اسکول کی ٹیچر ترپتی تیاگی کو بھی نوٹس بھیجی ہے اور اس معاملے میں ان کو بھی طلب کیا ہے۔
کمیشن کے چیئرمین اشفاق سیفی کے حکم پر نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ مظفر نگر کے ڈی ایم نے منصور پور تھانہ علاقے میں واقع نیہا پبلک اسکول میں مسلم طالب علم کی پٹائی معاملے میں اب تک کیا کاروائی کی ہے اور کن کن دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا ہے ساتھ ہی رپورٹ میں یہ بھی بتائیں کہ نیہا پبلک اسکول حکومت کے ذریعے جاری کردہ قواعد و ضوابط کا پابند ہے یا نہیں ہے، اسکول میں کتنے طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں؟ کتنے درجے کی تعلیم ہوتی ہے؟ اسکول میں تعلیم دینے والے اساتذہ کی تعلیمی اہلیت کیا ہے؟ اسکول کا تعمیراتی نقشہ مظفر نگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے منظور ہے یا نہیں ہے؟ اگر منظور ہے تو اس کی ایک کاپی رپورٹ میں شامل کریں، اگر نہیں ہے تو اس کی بھی وجہ بتائیں۔