اتر پردیش اردو اکادمی کے نئے سکریٹری آئی اے ایس زُہیر بن صغیر نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کے دوران کہا کہ سبھی اس بات کو مانتے ہیں کہ اردو بہت ہی پیاری اور شیریں زبان ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں بولی اور سمجھی جاتی ہے۔ اردو کے شیدائیوں کی تعداد بے شمار ہے۔ بہت سارے لوگ اردو سیکھنا اور پڑھنا چاہتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ ایسے سبھی لوگوں تک اردو پہنچے۔
سکریٹری زہیر بن صغیر نے کہا کہ اردو زبان کی کتابوں کا ترجمہ ہونا چاہیے۔ بہت سارے لوگ غزل سننا پسند کرتے ہیں اور ان کے معنیٰ بھی جاننا چاہتے ہیں۔ ایسے میں ہم ان لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتر پردیش اردو اکادمی کا آئی اے ایس اسٹڈی سینٹر ہے۔ ہمارا مقصد ہے کہ وہاں کے بچوں کو بہتر کوچنگ ملے اور صحیح طرح سے ان کی رہنمائی ہو۔