لکھنؤ: اتر پردیش میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں پولنگ جمعرات کو 38 اضلاع میں 370 شہری بلدیاتی اداروں، سات میونسپل کارپوریشنوں، 95 میونسپل کونسلوں اور 268 نگر پنچایتوں کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کے دوران صبح سات بجے سے جاری ہے۔ ریاستی الیکشن کمشنر منوج کمار نے بتایا کہ پولنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹوں کی گنتی 13 مئی کو ہوگی۔
واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 4 مئی کو ووٹنگ ہوئی تھی اور تقریباً 52 فیصد پولنگ ہوئی تھی۔ اس مرحلے میں آزادانہ، منصفانہ اور پرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے 12 ہزار 103 پولیس انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز کے ساتھ 57 ہزار 201 کانسٹیبل اور 40 ہزار 525 ہوم گارڈز کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پی اے سی کی 76 کمپنیاں، سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کی 35 کمپنیاں اور سات ہزار 935 ٹرینی سب انسپکٹرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ تمام حساس مقامات پر ویب کاسٹنگ، ویڈیو گرافی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے انتظامات کیے گئے ہیں۔