لکھنؤ: اتر پردیش کھادی اور دیہی صنعت کے وزیر راکیش سچان نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اسکیموں پر عمل آوری کے لیے خاطر خواہ بجٹ کا انتظام کیا گیا ہے۔ بجٹ کا صد فیصد استعمال یقینی بنایا جائے۔ بجٹ سرنڈر ہونے کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سچان نے آج کھادی بھون میں محکمہ جاتی کاموں کا جائزہ لینے کے دوران عہدیداروں کو یہ ہدایت دیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کھادی کے ملبوسات کو جدید شکل دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے بنکروں کو این ایف ٹی کے ذریعے ایک ماہ کی تربیت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جن بنکروں نے تربیت حاصل کی ہے اس کو وہ عملی جامہ پہنائیں۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ جو بنکر تربیت حاصل کر چکے ہیں ان کا فائدہ انہیں حاصل ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ ان بنکروں کے لیے بھی ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے جنہوں نے تربیت حاصل کر لی ہے۔