میرٹھ: ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح اترپردیش میں بھی سفر بیت اللہ پر جانے والے عازمین حج کے لیے تربیتی کیمپ اور ویکسینیشن کیمپ کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع میرٹھ کے فیض عام انٹرکالج میں ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کے لیے دو روزہ تربیتی کیمپ اور ویکسینیشن مہم کا انعقاد کیا گیا۔
اس دو روزہ ویکسینیشن اور اسمارٹ ٹریننگ کیمپ کے پہلے دن ضلع کے مختلف علاقوں سے تقریبا 500 اور کیمپ کے دوسرے دن تقریباً 250 عازمین کو ٹیکے لگائے گئے۔ اس موقعے پر ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے اسمارٹ تربیتی کیمپ کے دوران عازمین حج کو تربیت دی گئی۔ حض کمیٹی آف انڈیا (میرٹھ) کے ممبر زین الراشیدین نے کہا کہ 'اس سال میرٹھ سے حج کمیٹی کے ذریعہ سفر حج پر جانے والے عازمین کی تعداد تقریباً 1100 ہے۔ ان تمام عازمین حج کے خصوصی ویکسینیشن اور تربیت کے لیے اسمارٹ کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ویکسینیشن مہم اور اسمارٹ تربیتی کیمپ پوری طرح سے کامیاب رہا۔'