لکھنؤ: اترپردیش میں بے موسم بارش اور ژالہ باری نے کسانوں کی تشویش میں اضافہ کردیا ہے۔ حکومت نے موسم سے متاثر کسانوں کو راحت دینے کی ہدایت متاثرہ اضلاع کے انتظامیہ کو دیا ہے۔ بھدوہی، کشی نگر، لکھنؤ، کانپور، اناؤ سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں گذشتہ 48گھنٹوں کے دوران رک رک کر ہورہی بارش سے فصلوں کے نقصان کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم میں آئی اس تبدیلی جلد ہی معمول پرآنے کے آثار ہیں۔
اس درمیان وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مختلف اضلاع میں ہوئی بارش اور ژالہ باری کو دیکھتے ہوئے افسران کو پوری مستعدی سے راحت رسانی کی کاروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران علاقے کا دورہ کر کے راحت کاموں پر نظر رکھیں اور متاثرین کی مدد کریں۔انہوں نے آفت سے ہوئے جانی نقصان میں فی متاثر کو چار لاکھ روپئے کی مالی معاونت بلاتاخیر فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے گھروں کو نقصان ہوا یا مویشی مارے گئے ہیں ایسے متاثرین کو فورا مالی مدد فراہم کی جائے۔ وزیر اعلی نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ فصلوں کو ہوئے نقصان کا تخمینہ لگا کر حکومت کو اس کی رپورٹ فراہم کی جائے تاکہ اس ضمن میں آگے کی کاروائی کی جاسکے۔