اترپردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخاب سے پہلے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کے ایک کروڑ طلبہ کے لئے تمام سہولیات دینے کا اعلان کیا ہے۔
اسمبلی میں عبوری بجٹ پر بحث کے دوران ایوان سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے جمعرات کو کہا کہ ان کی حکومت بی اے، ایم اے اور ڈپلومہ کورس کر رہے طلبہ و طالبات کو اسمارٹ فون اور لیپ ٹاپ دستیاب کرائے گی۔ اس کے لیے بجٹ میں تین ہزار کروڑ روپئے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مسابقہ جاتی امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو مسابقہ جاتی بھتہ اور اسکالرشپ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے 28 لاکھ سرکاری ملازمین اور پنشن پانے والوں کو یکم جولائی 2021 سے 11 فیصدی اضافہ کے ساتھ 28 فیصدی مہنگائی بھتہ دیا جائے گا۔ ایک بڑے اعلان کے تحت وزیر اعلی نے کہا کہ مافیا کے قبضے سے آزادی کرائی گئی زمین پر غریب اور ضرورت مندوں کے لئے مکان بنائے جائیں گے۔
خطاب کے دوران وزیر اعلی نے اپوزیشن پر تلخ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے مشکل وقت میں جب پوری حکومت سڑک پر تھی اور لوگوں کی خدمت کررہی تھی اس وقت اپوزیشن کے لیڈرگھروں میں آرا فرما رہے تھے۔ حکومت کی حصولیابیاں گناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بغیر تفریق کے حکومت کی اسکیمات کو سماج کے ہر طبقے تک پہنچا رہے ہیں۔ مسٹر یوگی نے کہا کہ یہ پہلی وبا تھا جب بھوک کی وجہ سے کسی غریب نے دم نہیں توڑا، اپوزیشن نے غریبوں کو مفت راشن تقسیم پر بھی اعتراض کیا تھا۔