کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اترپردیش حکومت پر کسانوں کو نظر انداز کیے جانے کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں سے چینی ملیں بند ہو رہی ہیں اور گنا کسان خود کشی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
پرینکا نے ٹویٹ کیا، اپنے گنے کی فصل کو کھیت میں سوکھتا دیکھ کر اور پرچی نہ ملنے کے سبب مظفر نگر کے ایک گنا کسان نے خود کشی کر لی۔
بی جے پی کا دعویٰ تھا کہ 14 دن میں مکمل ادائیگی ہو جائے گی لیکن ہزاروں روپیے دبا کر چینی ملیں بند ہو چکی ہیں‘۔
کانگریس کی اترپردیش کی انچارج نے کہا، میں نے دو دن پہلے ہی حکومت کو آگاہ کیا تھا۔ سوچیے! اس مالی تنگی کے دور میں ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں کسان خاندانوں پر کیا گذر رہی ہوگی لیکن بی جے پی اب 14 دنوں میں گنے کی ادائیگی کا نام تک نہیں لیتی‘۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک خبر اور ایک فوٹو پوسٹ کی جس میں کہا گیا ہے کہ مظفر نگر میں گنا کسان نے خود کشی کی، درخت سے لٹکتی ہوئی لاش برآمد ہوئی۔