سرینگر (نیوز ڈیسک) :دفعہ 370 اور 35-A کی منسوخی کے چار سال مکمل ہونے پر ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر یوگی آدتیہ ناتھ نے مبارکبادی کا پیغام دیتے ہوئے کہا: ’’جموں و کشمیر اور لداخ کے علاقے آج ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔‘‘ آدتیہ ناتھ نے ٹویٹر ہینڈل پر جموں اور کشمیر میں آرٹیکل 370 اور 35-A کی منسوخی کے چار سال مکمل ہونے تحنیتی پوسٹ میں ان باتوں کا اظہار کیا۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے ٹویٹر پیغام میں کہا: ’’دفعہ 370اور 35اے کے خاتمے کے چار برس مکمل ہونے پر سبھی کو مبارک باد، یہ دفعات ہی در اصل دہائیوں سے جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی، دہشت گردی، اقربا پروری اور بدانتظامی کی اصل وجہ تھی اور یہ ہمارے ملک کے اتحاد اور سالمیت پر ایک دھبہ تھا۔‘‘ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہندی میں ٹویٹ کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا: ’’محترم وزیر اعظم نریدر مودی کی کامیاب قیادت میں کئے گئے اس تاریخی کام کے ساتھ، ایک دیش - ایک نشان - ایک وِدھان کی قرارداد کی تکمیل ہوئی، وہیں ’سب کا ساتھ - سب کا وکاس‘ کے جذبے کے ساتھ شامل ہو کر سب کا وشواس - سب کا پرایاس جموں کشمیر اور لداخ کے علاقوں میں آج ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔‘‘