وزیر اعلی آج اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منعقدہ اعلی سطح کی میٹنگ میں تالابندی ختم کرنے کے انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کووڈ-19 سے شفایابی کی شرح میں اضافے کے لئے تیزی سے کوششیں کی جانی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 کے زیادہ مریض والے اضلاع پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ پہلے مرحلے میں یومیہ 100 سے زیادہ متاثرین والے اضلاع کی جغرافیائی خاکہ سازی کے ذریعہ کلسٹروں کی نشاندہی کریں۔ دوسرے مرحلے میں 50 سے زیادہ مریض والے اضلاع میں یہ نظام نافذ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شناخت شدہ کلسٹروں میں ممنوعہ زون بنا کر وائرس پر قابو پانے کے لیے مؤثر کارروائی کی جانی چاہیے۔ ان کلسٹروں میں ہر شخص کا میڈیکل ٹیسٹ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے ممنوعہ زون میں ہوم ڈیلیوری کے نظام کے ذریعہ ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے لکھنؤ اور کانپور کے نوڈل افسران بالترتیب ایڈیشنل چیف سکریٹری برائے دیہی ترقیات وپنچایت راج اور محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری سے موجودہ صورتحال کی معلومات حاصل کرنے کے بعد کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے تیزی سے کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت دی۔