لکھنؤ:لکھنؤ سے عازمین حج کا پہلا قافلہ آج روانہ ہوا ہے جس کو حج کمیٹی کے چیئرمین محسن رضا عیش باغ عیدگاہ کے شاہی امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی، حج اوقاف کے وزیر مملکت دانش آزاد انصاری و حج کمیٹی کے اراکین نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقعے پر ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت کرتے ہوئے دانش آزاد انصاری نے کہا کہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ ریاستی حج کمیٹی اور ریاستی حکومت نے حج کمیٹی آف انڈیا کی گائیڈ لائن کے تحت پختہ انتظامات کیے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی کوئی پریشانی نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے عازمین حج کے لیے مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے کہ اس مقدس سفر پر اتر پردیش سے بڑی تعداد میں عازمین سفر حج پر روانہ ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حج کمیٹی کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے کوشش کی ہے کہ عازمین کو کسی قسم کی پریشانی پیش نہ آئے۔ لکھنؤ کے مولانا علی میاں ندویؒ حج ہاؤس سے عازمین حج سفر حج پر پرواز کریں گے یہ سلسلہ تقریباً ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ حج کمیٹی کے چیئرمین محسن رضا نے کہا کہ جس طریقے سے ہم نے اس سے قبل ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ تمام تر انتظامات بہتر رہیں گے۔ اسی کے مطابق لکھنؤ ضلع انتظامیہ کے تعاون سے حج ہاؤس میں کوئی ایسی پریشانی نہیں ہے جو عازمین کو سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پانی، بجلی، صاف صفائی، افسران کی تعیناتی اور پولیس اہلکار کی تعیناتی، حج ہاؤس میں گرمی سے بچنے کے لیے پانی والے پنکھے کفیٹیریا دیگر انسٹال کا بھی انتظام کیا گیا ہے تاکہ حاجیوں کو بھٹکنا نہ پڑے۔