اترپردیش اسمبلی انتخابات 2022 کے پیش نظر تمام سیاسی پارٹیوں نے اپنی حکمت عملی شروع کردی ہے۔ اس سلسلے میں اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری کومود گنگوار ضلع بدایوں اور بریلی زون کے دورے پر ہیں۔
اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری کومود گنگوار ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کے دوران کومود گنگوار نے بتایا کہ 'وہ مسلسل لوگوں سے ملاقات کررہے ہیں اور گاؤں گاؤں جاکر کر پارٹی کو مضبوط بنانے کی کوشش میں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی اتر پردیش کی 403 اسمبلی سیٹوں پر انتخابی میدان میں ہوگی اور ہمارا ارادہ چھوٹی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کر نے کا ہے جبکہ بڑی پارٹیوں کے ساتھ ہم کسی بھی طرح کا اتحاد نہیں کریں گے۔
کانگریس رہنما نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'بی جے پی سے لوگوں کا بھرم ٹوٹتا جارہا ہے اور عوام کے اندر کانگریس پارٹی کے تئیں امیدیں جاگ رہی ہیں اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم نہ صرف دن بلکہ راتوں میں بھی پبلک میٹنگز کررہے ہیں اور عوام سے ملنے کا سلسلے جاری ہے۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان و ٹویٹ کے حوالے سے کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ دوسروں کی جائیداد ضبط کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن کانگریس نے کسانوں کو ان کی زمین دلائی ہے اور آئندہ انتخابات میں عوام ان کی کرسی کو ضبط کر دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی جھوٹ کی بنیاد پر حکومت میں ہے۔