یوپی اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے کے لیے آج ووٹنگ ہورہی ہے۔ 7th Phase Polling of Utter Pradesh Assembly Election اس مرحلے میں یوگی حکومت کے کئی وزیر انتخابی میدان میں ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سماج وادی پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے کئی دوسرے بڑے لیڈروں کی ساکھ داؤ پر لگی ہوئی ہے۔
ساتویں مرحلے میں 9 اضلاع کی 54 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہورہی۔ اس میں 613 امیدوار میدان میں ہیں جن کی قسمت کا فیصلہ آج ان کے اسمبلی حلقوں کے عوام کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے سات مراحل میں پولنگ ہونی تھی اور 7 مارچ کو آخری مرحلے کی ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے جب کہ 10 مارچ کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب، منی پور، گوا اور اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات کے بھی نتائج کا اعلان ہوگا۔
آج ان اضلاع میں ووٹنگ ہورہی ہے
کل 7 مارچ کو نو اضلاع میں ووٹنگ ہوگی۔ ان میں اعظم گڑھ، مئو، جونپور، غازی پور، چندولی، وارانسی، مرزا پور، بھدوہی اور سون بھدر اضلاع شامل ہیں۔ ان اضلاع کی 54 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔
پولنگ کے ساتویں مرحلے میں 11 سیٹیں درج فہرست ذاتوں اور 2 سیٹیں درج فہرست قبائل کے لیے مخصوص ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر اجے کمار شکلا نے بتایا کہ 5 جنوری 2022 کو شائع ووٹر لسٹ کے مطابق ساتویں مرحلے میں کُل 2 کروڑ 5 لاکھ 51 ہزار 521 ووٹرز ہیں۔ اس میں ایک کروڑ 9 لاکھ ایک ہزار 9 مرد ووٹرز اور 96 لاکھ 49 ہزار 495 خواتین ووٹرز ہیں۔ اس کے علاوہ مخنث ووٹرز ہیں۔
ان 54 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہورہی ہے
ساتویں مرحلے میں جن سیٹوں پر پولنگ ہو گی ان میں اترولیا، گوپالپور، سگڑی، مبارک پور، اعظم گڑھ، نظام آباد، پھولپور۔پوائی، دیدار گنج، لال گنج(ایس سی)، میہنگر(ایس سی)، مدھوبن، گھوسی، محمد آباد۔گوہنا(ایس سی)، مئو، بدلاپور، شاہ گنج، جونپور، ملہانی، منگرا بادشاہ پور، مچھلی شہر(ایس سی)، مڑیاہو، جعفر آباد، کیراکت (ایس سی)، جکھنیا(ایس سی)، سید پور(ایس سی)، غازی پور، جنگی پور، ظہور آباد، محمد آباد، زمانیہ، مغل سرائے، سکلڈیہا، سید راجہ، چکیہ(ایس سی)، پِنڈرا، اجگرا(ایس سی)، شیو پور، روہنیہ، وارنسی (شمال)، وارنسی (جنوب)، وارنسی (کینٹ/چھاؤنی)، سیواپوری، بھدوہی، گیان پور، اورائی(ایس سی)، چھانبے(ایس سی)، مرزا پور، ماجھواں، چُنار، مڈیہان، گھورول، رابرٹس گنج، اوبرا (ایس ٹی) اور دودھی (ایس ٹی) شامل ہیں۔
یوگی حکومت کے اِن وزراء کی ساکھ داؤ پر
یوپی اسمبلی انتخابات 2022 کے ساتویں مرحلے کی ووٹنگ کے آخری مرحلے میں یوگی حکومت کے کئی وزراء کی ساکھ داؤ پر لگ گئی ہے۔ ان میں وزیراعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ کی جنوبی اسمبلی نشست سے ڈاکٹر نیل کنٹھ تیواری انتخابی میدان میں ہیں۔ وہیں وارانسی کی شمالی اسمبلی سیٹ سے وزیر رویندر جیسوال میدان میں ہیں۔ اسی طرح یوگی حکومت میں وزیر انل راج بھر وارانسی کی شیو پور سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔